ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی: کورونا کے 95 فیصد تازہ نمونوں کی ’جینوم سیکوینسنگ‘ میں اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق

ممبئی: کورونا کے 95 فیصد تازہ نمونوں کی ’جینوم سیکوینسنگ‘ میں اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق

Tue, 15 Feb 2022 10:53:37    S.O. News Service

ممبئی،15؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی افریقہ میں پائے جانے والے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا دنیا کے کئی ممالک میں پھیلاؤ ہو چکا ہے۔ ہندوستان میں بھی اس ویرینٹ سے متعلق ہزاروں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، پیر کے روز برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کہا کہ ممبئی میں جینوم سیکوینسنگ کے تازہ دور میں جن سواب نمونوں کی جانچ کی گئی ہے ان میں سے تقریباً 95 فیصد اومیکرون ویرینٹ سے متاثر پائے گئے، جو دسمبر کے آخر میں کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر پیدا کرنے کا سبب بنے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کل 190 نمونوں میں سے 180 (94.74 فیصد) اومیکرون سے متاثر پائے گئے۔ وہیں، تین ڈیلٹا ویریئنٹس (1.58 فیصد) اور 6 دیگر ویرینٹ کورونا وائرس (3.16 فیصد) کے اسٹرین سے متاثر پائے گئے۔ بی ایم سی نے ایک پریس بیان میں شہر میں جینوم سیکوینسنگ کے نویں دور کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے ایک مذکورہ باتیں کیں۔ مزید کہا گیا کہ ممبئی کے 190 مریضوں میں سے جن مریضوں کے سواب کے نمونے جینوم سیکوینسنگ کے لیے بھیجے گئے تھے، ان میں سے 23 کی موت ہو چکی ہے اور ان میں سے 21 اومیکرون سے متاثر تھے۔

جینوم سیکوینسنگ کے نویں دور میں 282 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ ان میں سے 190 نمونے ممبئی سے اور باقی مہاراشٹر کے دیگر حصوں سے تھے۔ بی ایم سی نے کہا کہ 190 مریضوں میں سے 74 مریض (39 فیصد) 61 سے 80 سال کی عمر کے تھے۔ اس کے بعد 41 سے 60 سال کی عمر کے 41 مریض (22 فیصد) اور 21 سے 40 سال کی عمر کے گروپ میں 36 (19 فیصد) مریض تھے۔ 81 سے 100 سال کی عمر کے گروپ میں 22 مریض (12 فیصد) اور 0 سے 18 سال کی عمر کے گروپ میں 17 مریض (9 فیصد) تھے۔ 190 متاثرہ مریضوں میں سے 13 کی عمر 18 سال سے کم تھی۔ بیان کے مطابق ان میں سے 11 اومیکرون سے متاثر تھے۔

بی ایم سی نے کہا کہ 190 میں سے 106 مریضوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کی ضرورت پیش آئی۔ ان میں سے 5 نے کورونا ویکسین کی صرف پہلی خوراک لی تھی اور 50 نے دونوں خوراکیں لی تھیں۔ جبکہ 51 نے کوئی خوراک نہیں لی تھی۔ ان 106 مریضوں میں سے صرف 9 کو آکسیجن کی ضرورت پڑی، جبکہ 11 کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔

23 اموات میں سے 21 مریضوں کی عمر 60 سال سے زیادہ تھی۔ ان میں سے 15 کو کورونا ویکسین کی کوئی خوراک نہیں ملی تھی۔ اس کے علاوہ 22 ​​مریض علامات پیدا ہونے کے 7 دنوں کے اندر فوت ہو گئے۔ بی ایم سی نے کہا کہ پیر کے روز ممبئی میں کورونا کے 192 نئے کیسز درج ہوئے ہیں۔


Share: